چکری: بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی بہن علیمہ خان نے کہا ہے کہ احتجاج کی کال تھی مگر سڑکوں پر عوام سے زیادہ پولیس کھڑی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب تک ملاقات نہیں کروائی جاتی ہم یہیں بیٹھے رہیں گے۔چکری انٹرچینج پر بہنوں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ حکومت اگر مذاکرات چاہتی ہے تو جیل میں بانی پی ٹی آئی سے جا کر بات کرے، لیکن حقیقت یہ ہے کہ حکومت کے ہاتھ میں کچھ نہیں، جیسے ہی احتجاج ہوتا ہے تو حکومت خوفزدہ ہو جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ نے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے بچے پاکستان آئیں گے تو گرفتار ہوں گے۔ بانی کے بچوں نے ویزا کے لیے درخواست دی تھی لیکن انہیں ویزا نہیں دیا گیا، ویزا ٹریکنگ نمبرز ہمارے پاس موجود ہیں۔ علیمہ خان نے کہا کہ آج بانی پی ٹی آئی کو جیل میں 2 سال مکمل ہو گئے ہیں۔
یومِ استحصال کشمیر اور احتجاج کے سوال پر علیمہ خان کا مؤقف:
صحافی کے سوال پر علیمہ خان نے کہا کہ آپ پاکستان اور مقبوضہ کشمیر کا جھنڈا ساتھ اٹھائیں، جو ظلم مقبوضہ کشمیر میں ہو رہا ہے وہی پاکستان میں بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری لوگ بتاتے ہیں کہ ان کے حالات اتنے خراب نہیں جتنے آج پاکستان کے ہیں۔جب صحافی نے کہا کہ احتجاج میں عوام کی متوقع تعداد نظر نہیں آئی تو علیمہ خان نے جواب دیا کہ لوگ نکلنا چاہتے ہیں اور ضرور نکلیں گے، پی ٹی آئی کے پیچھے 80 فیصد عوام کھڑی ہے اور بانی نے انہی عوام کو باہر نکلنے کو کہا ہے۔ رول آف لاء کیلئے ہماری تحریک جاری رہے گی۔
سیاسی و عالمی معاملات پر گفتگو:
علیمہ خان نے کہا کہ دیگر سیاسی جماعتوں کو بھی اب سمجھ آرہی ہے کہ ملک کے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ جو بائیڈن نے ان کی حکومت گرائی جبکہ ٹرمپ کے لیے تو ہماری حکومت ہی تیار ہے۔ خبریں ہیں کہ ملک کی معدنیات دینا پڑ رہی ہیں کیونکہ دنیا کمزور ملکوں سے فائدہ اٹھاتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سماعت پر ہمارے وکیل نے واضح کر دیا تھا کہ نااہل ہونے والی سیٹوں کے ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی حصہ نہیں لے گی۔
سلیمان اور قاسم پر سوالات:
جب صحافی نے پوچھا کہ کیا عمران خان کے بیٹوں نے ٹرمپ سے مدد مانگی ہے تو علیمہ خان نے کہا کہ سلیمان اور قاسم دنیا میں کہیں بھی جا سکتے ہیں، اگر وہ ٹرمپ کے پاس نہیں جائیں تو کہاں جائیں؟ پاکستان میں انصاف نہ ملنے کی صورت میں بچے کہاں جائیں؟ اس سوال پر کہ کیا ٹرمپ مدد کرسکتے ہیں، علیمہ خان خاموش ہوگئیں۔
نورین نیازی کا ردعمل:
عمران خان کی بہن نورین نیازی نے کہا کہ اگر لوگ احتجاج کے لیے نہیں نکلے تو اتنی پولیس تعینات کیوں ہے؟ پولیس رات کو گھروں میں گھس کر لوگوں کو گرفتار کر رہی ہے، حتیٰ کہ 82 سالہ بزرگ کو بھی گھسیٹ کر لے گئے۔انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو ناجائز سوالات نہیں کرنے چاہئیں، بانی پی ٹی آئی کے بچے اپنے والد کے لیے پریشان ہیں، صحافیوں کو ظالم نظام کے خلاف بات کرنی چاہیے۔آخر میں علیمہ خان نے طنزیہ طور پر کہا کہ اگر لوگ نہیں نکلے تو حکومت کو خوشی منانی چاہیے۔