پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے آئندہ ہفتے 10 ہزار پی ٹی آئی عہدیداروں کو اڈیالہ جیل پہنچنے کی کال دے دی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان کا کہنا تھا کہ دس ہزار پی ٹی آئی عہدیدار بانی پی ٹی آئی کے لیے اڈیالہ جیل آ کر بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج صرف پاکستان تحریک انصاف کے عہدیداروں کو کال دی گئی ہے کیونکہ اس وقت حکومت پر دباؤ ڈالنے کی ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا جائے، اس مقصد کے لیے حکومت پر دباؤ ڈالنا ہوگا۔ علیمہ خان نے کہا کہ ججز پر بھی دباؤ ڈالنا پڑے گا کیونکہ ججز بھی گیم کھیل رہے ہیں۔ ان کے مطابق جب پی ٹی آئی دباؤ ڈالے گی تو بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے کیسز سنے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم ججز سے کہتے ہیں کہ ضمانت کی درخواستیں سنیں جبکہ ججز کہتے ہیں کہ اپیلیں سنیں گے۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ حکومت خود ڈیل کی خبریں پھیلا رہی ہے، ہم نہ کسی سے ملتے ہیں اور نہ ملنے کی ضرورت ہے۔علیمہ خان کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے بات چیت کے لیے محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس جعفری کو ذمہ داری دی ہے، جبکہ سہیل آفریدی اسٹریٹ موومنٹ کی قیادت کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی تیاری کر رہے ہیں اور جلد اس حوالے سے مزید تفصیلات سامنے آ جائیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ اب درجہ حرارت بڑھے گا، اسی لیے پی ٹی آئی عہدیداروں کو کال دی گئی ہے، جو لوگ بوجھ نہیں اٹھا سکتے وہ سائیڈ پر ہو جائیں۔