بھارت: قرض نہ ملنے پر 2 بھائیوں نے بینک ڈکیتی کر کے کروڑوں روپے کا سونا لوٹ لیا

بھارت: قرض نہ ملنے پر 2 بھائیوں نے بینک ڈکیتی کر کے کروڑوں روپے کا سونا لوٹ لیا

بھارت کے ریاست تامل ناڈو کے ضلع مدورئی میں 2 بھائیوں نے قرض نہ ملنے پر دیگر افراد کے ساتھ مل کر اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی برانچ کا لاکر توڑ کر کروڑوں روپے کے سونے کے زیورات لوٹ لیے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، ملزمان نے بینک کی کھڑکی توڑنے کے بعد اوزاروں کی مدد سے لاکرز کھولے اور اندر سے 17 کلو سونا نکال لیا۔ پولیس نے بتایا کہ ملزمان نے واردات کے بعد تمام ثبوت مٹانے کے لیے مرچوں کا پاؤڈر چھڑکا اور بینک کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی ساتھ لے گئے تاکہ اپنی شناخت کو چھپایا جا سکے۔ڈکیتی کے بعد ملزمان نے لوٹے گئے سونے کو ایک کھیت کے اندر کنوئیں میں چھپایا۔ پولیس نے دو بھائیوں سمیت 6 افراد کو گرفتار کر لیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واردات کا مرکزی ملزم 20 سال سے بیکری چلا رہا تھا۔ گزشتہ سال اس نے قرض کے لیے درخواست دی تھی جسے بینک نے مسترد کر دیا تھا، اور اسی کے بعد ملزم نے بینک ڈکیتی کا منصوبہ بنایا۔ ملزم نے ڈکیتی کی تیاری کے دوران مختلف ویب سائٹس سے چھ ماہ تک تربیت حاصل کی۔ملزمان نے اپنی شناخت چھپانے کے لیے ڈکیتی میں استعمال ہونے والی ٹوپیاں، موزے، گیس سلینڈر اور ہائیڈرولک کٹر جھیل میں پھینک دیے تھے۔ پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے تاکہ اس واردات میں ملوث دیگر افراد کو پکڑا جا سکے۔