سخی سرورمیں مبینہ پولیس مقابلہ، پلو گینگ کے دو ڈاکو ہلاک

رفیق عرف رفیع لغاری،صدام روہیلا ساتھیوں کی فائرنگ کا نشانہ بنے،پولیس ذرائع 
ڈیرہ غازیخان(ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈیرہ غازیخان سخی سرور میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران پلو گینگ کے دو خطرناک ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک، جبکہ دو ملزم فرار ہوگئے۔ پولیس نے ہلاک ملزموں کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کرکے فرار ملزموں کی گرفتاری کے لئے علاقے میں سرچ آپریشن اور ناکہ بندی شروع کردی۔ پولیس کے مطابق تھانہ سخی سرور کے علاقے رکھ چوٹی دلانہ کے مقام پر مسلح ملزموں کی موجودگی کی اطلاع پر ڈی ایس پی صدر، ایس ایچ او تھانہ سخی سرور، ایس ایچ او گدائی، ایس ایچ او صدر، ایس ایچ او دراہمہ اور دیگر پولیس اہلکاروں پر مشتمل ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزموں کا تعاقب کیا۔ پولیس اور ڈاکوو?ں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے دوران پولیس کی جوابی کارروائی پر دو ملزم موقع سے فرار ہوگئے۔ فائرنگ رکنے کے بعد پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن کیا تو دو ملزم زخمی حالت میں پڑے ملے، جو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہوچکے تھے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزموں کی شناخت رفیق عرف رفیع لغاری اور صدام روہیلا کے نام سے ہوئی ہے۔ رفیق عرف رفیع لغاری کے خلاف مختلف تھانوں میں 17 سے زائد مقدمات درج ہیں، جبکہ صدام روہیلا کے خلاف مختلف اضلاع میں 38 سے زائد سنگین مقدمات درج ہونے کے علاوہ اسے بین الاضلاعی ڈکیتیوں میں ملوث خطرناک ملزم قرار دیا گیا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او صادق بلوچ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور پولیس افسروں سے مقابلے اور جاری سرچ آپریشن کے حوالے سے تفصیلات معلوم کیں۔ انہوں نے موقع پر پولیس کارروائی کا جائزہ بھی لیا۔ پولیس نے ہلاک ملزموں کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل قبضے میں لے کر قانونی کارروائی شروع کردی ۔