جنرل ہسپتال: نرسری سے اغواء نومولود بازیاب

فرانزک، سی سی ٹی وی اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے بچے کا سراغ لگایا گیا
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس نے جنرل ہسپتال کی نرسری سے 2 دن کااغواء￿  ہونے والانومولود بچہ مسلسل محنت کے بعد بازیاب کروالیا۔ تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ رواں ہفتے سوموار کونومولود بچہ جنرل ہسپتال کی نرسری سے اغواء  ہونے کا واقعہ پیش آیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی ماڈل ٹاؤن اخلاق اللہ تارڑ کو جائے وقوعہ پر پہنچنے اور بچے کی بازیابی کا حکم دیا۔ پولیس نے فوری بچے کے والد افضال کی مدعیت میں 2 نامعلوم خواتین کیخلاف مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ ایس پی ماڈل ٹاؤن نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیم تشکیل دے کر تمام ریڈز اور سرچ آپریشن کی خود نگرانی کی۔ فرانزک، سی سی ٹی وی اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے بچے کا سراغ لگایا گیا۔ آپریشن اور انویسٹی گیشن کی مشترکہ ٹیم نے بچہ بازیاب کرواکر فائزہ نامی ملزمہ کو گرفتار کر لیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے بچے کی بحفاظت بازیابی اور ملزمہ کی گرفتاری پر ایس پی ماڈل ٹاؤن اور ریڈنگ ٹیم کو شاباش دی۔