فن لینڈ کے میڈیا اداروں کی صدر الیگزینڈر سٹب سے غزہ میں صحافیوں کے تحفظ کے لیے عالمی کردار ادا کرنے کی اپیل

فن لینڈ کے میڈیا اداروں کی صدر الیگزینڈر سٹب سے غزہ میں صحافیوں کے تحفظ کے لیے عالمی کردار ادا کرنے کی اپیل

فن لینڈ کے بڑے میڈیا اداروں، صحافیوں، ایڈیٹرز، پبلشرز اور سول سوسائٹی تنظیموں نے صدر الیگزینڈر سٹب سے اپیل کی ہے کہ وہ غزہ میں صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے عالمی سطح پر کردار ادا کریں۔

مشترکہ درخواست میں کہا گیا ہے کہ اگست 2025 کے دوران غزہ میں اسرائیلی حملوں میں 6 صحافی شہید ہوئے، جن کا تعلق عالمی میڈیا اداروں رائٹرز، اے پی اور الجزیرہ سے تھا۔ یہ واقعات آزادی صحافت پر براہِ راست حملہ ہیں اور انہیں انفرادی سانحات کے بجائے ایک منظم مہم کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔تنظیم رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز (RSF) کے مطابق گزشتہ دو سال میں 200 سے زائد صحافی شہید ہو چکے ہیں، جو اس بحران کی سنگینی کو اجاگر کرتا ہے۔درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ غیرملکی صحافیوں کو غزہ میں داخلے کی اجازت نہیں دی جا رہی، جس سے حقائق تک رسائی ناممکن بنتی جا رہی ہے۔

میڈیا اداروں کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق صحافیوں کا تحفظ عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور فن لینڈ کو اپنی غیرجانبدارانہ پالیسی اور عالمی ساکھ کو استعمال کرتے ہوئے اس مسئلے کو اقوام متحدہ اور دیگر عالمی پلیٹ فارمز پر اٹھانا چاہیے۔درخواست میں صدر الیگزینڈر سٹب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ فن لینڈ عالمی برادری کو متحرک کرنے کے لیے فوری سفارتی اقدامات کرے تاکہ صحافیوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے اور غزہ میں آزادی صحافت کو بحال کیا جا سکے۔