برطانوی شہریوں کو چونا لگانے والا گروہ گرفتار

 غیر قانونی کال سینٹر میں برطانوی شہریوں سے فراڈ کیا جا رہا تھا،2خواتین سمیت 8 گرفتار، 53 آلات بھی بر آمد
 لاہور (کرائم رپورٹر) ایڈیشنل ڈائریکٹر نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور زون کی ہدایت پر ٹا ئون شپ میں غیر قانونی کال سینٹر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو خواتین سمیت آٹھ ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ 53 ڈیجیٹل آلات بھی بر آمد کر لیے گئے۔ ترجمان این سی سی آئی اے کے مطابق لاہور ٹیم نے خفیہ اطلاع پر ٹا ئون شپ کے علاقے بلاک ون، سیکٹر اے ٹو میں واقع ایک مکان پر مجاز عدالت سے سرچ وارنٹ حاصل کرنے کے بعد چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران ملزمان برطانوی شہریوں کو ٹیلی کام سروسز کے نام پر دھوکہ دینے میں مصروف تھے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق کال سینٹر میں اے ٹی اینڈ ٹی (AT&T) کمپین کے تحت برطانوی شہریوں کو موبائل فون اپ گریڈ، سم اونلی پیکجز اور دیگر ٹیلی کام سہولیات پر رعایت دینے کی پیشکش کی جاتی تھی۔ ملزمان ڈائل اَپ سافٹ ویئر کے ذریعے بیرون ملک شہریوں کو کالز کرکے ان کی مالی معلومات حاصل کرتے اور غیر قانونی لین دین اور ایڈوانس فیس کے ذریعے رقم بٹورتے تھے۔ کارروائی کے دوران چھ مردوں اور دو خواتین سمیت آٹھ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار مرد ملزمان میں طیب طارق، علی رضا، عظیم رحمان، محمد عمر، حسیب آصف اور حسنین رضا شامل ہیں۔ چھاپے کے دوران 28 لیپ ٹاپ، 10 ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز اور 15 موبائل فونز سمیت مجموعی طور پر 53 ڈیجیٹل آلات قبضے میں لے لیے گئے۔ ابتدائی جانچ کے دوران آلات سے ڈائل اَپ سافٹ ویئر اور برطانوی شہریوں کو کی جانے والی کالز سے متعلق ڈیٹا بھی ملا ہے۔ ابتدائی تفتیش میں طیب طارق اور آمنہ طارق کو کال سینٹر کے منتظمین اور مالکان کے طور پر شناخت کیا گیا ہے۔ این سی سی آئی اے نے بر آمد ہونے والے تمام آلات کو فرانزک تجزیے کے لیے محفوظ کر لیا ہے، جبکہ مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے لاہور زون نے کہا ہے کہ شہریوں اور غیر ملکیوں کو سائبر فراڈ کا نشانہ بنانے والے غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔