’انصاف تو مل نہیں رہا ‘ بشریٰ بی بی عدالت میں روپڑیں

’انصاف تو مل نہیں رہا ‘ بشریٰ بی بی عدالت میں روپڑیں

ویب ڈیسک:سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پیش ہوئیں، جہاں ان کی اور بانی پی ٹی آئی کی مختلف مقدمات میں درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔ بشریٰ بی بی دوران سماعت جذباتی ہوگئیں اور انصاف نہ ملنے کی بات کرتے ہوئے رو پڑیں۔

جج نے ریمارکس دیے کہ بانی پی ٹی آئی کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کیا جانا تھا اور جیل حکام کو ہدایت کی کہ عمران خان کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کیا جائے۔ اس موقع پر کمرہ عدالت سے غیر متعلقہ افراد کو باہر نکال دیا گیا تاکہ سماعت جاری رکھی جا سکے۔

کیس کی سماعت کے بعد جب بشریٰ بی بی عدالت سے روانہ ہو رہی تھیں تو انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں انصاف نہیں مل رہا اور ان کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے، جس پر وہ اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور آنسو بہانے لگیں۔

دوسری جانب، عمران خان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم یونس اڈیالہ جیل پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ ان کا طبی معائنہ کریں گے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت کی تھی۔ اس میڈیکل بورڈ میں پمز ہسپتال کے تین ڈاکٹرز اور ڈاکٹر عاصم شامل ہیں۔