پاکستان میں عرب ممالک سے سرمایہ کاری سے متعلق عملی اقدامات کیے جارہے ہیں،مرکزی چیئرمین پاکستان علماء کونسل
لاہور(آئی این پی)پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاکستان میں عرب ممالک سے سرمایہ کاری سے متعلق عملی اقدامات کیے جارہے ہیں۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی قیادت نے امداد کے بجائے سرمایہ کاری کا راستہ اپنایا ہے، ایس آئی ایف سی سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے خوبصورت اضافہ ہے۔ طاہر اشرفی نے کہاکہ ملک میں معاشی استحکام کیلئے سیاسی استحکام ضروری ہے ، دوست ممالک پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، چین، سعودی عرب، قطر، امارات، کویت اور دیگر اسلامی ممالک سے سرمایہ کار پاکستان آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قطر اور سعودی عرب کی طرف سے مزید سرمایہ کاری کے اعلانات کا خیر مقدم کرتے ہیں، وزیرِ اعظم کا قطر اور سعودی عرب کا حالیہ دورہ تعلقات کی مضبوطی اور استحکام کی دلیل ہے۔حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی بہت بہتری کی طرف جا رہی ہے، فلسطین کے معاملے پر وزیرِ اعظم کا موقف جرات مندانہ اور قومی امنگوں کے مطابق ہے۔