لاہور میں موجودہ درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، اور آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔
کم سے کم درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔ دن بھر 8 سے 16 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا اندازہ ہے، اور اس وقت ہوا کی رفتار 14 کلومیٹر فی گھنٹہ ہے۔ محکمہ کا کہنا ہے کہ آج شہر میں بارش کا امکان نہیں ہے۔ فضائی آلودگی میں بھی کمی دیکھی گئی ہے، اور شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس (AQI) بہتر سطح پر آ گیا ہے، جو شہریوں کے لیے خوش آئند خبر ہے۔ ملک کے دیگر علاقوں میں آج موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے، جبکہ جنوبی علاقوں میں شدید گرمی کا سامنا رہے گا۔ بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، اور خطہ پوٹھوہار میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جس کے ساتھ بعض علاقوں میں ژالہ باری بھی متوقع ہے۔ اسلام آباد اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی ہے، اور چند مقامات پر ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور خشک، جبکہ جنوبی و وسطی علاقوں میں آندھی اور گرد آلود ہوائیں چل سکتی ہیں۔ مری، گلیات، راولپنڈی، لاہور سمیت مختلف شہروں میں کہیں کہیں بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔ خیبرپختونخوا کے بالائی اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، اور چترال، سوات، ایبٹ آباد، پشاور وغیرہ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ سندھ کے بیشتر علاقے شدید گرم اور خشک رہیں گے، اور بلوچستان کے جنوبی اضلاع میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے، البتہ بعض علاقوں میں ہلکی بارش کی توقع ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ چند مقامات پر بارش اور ژالہ باری متوقع ہے۔