چھت گرنے سے شہری ہلاک

لاہور (کرائم رپورٹر)شاد باغ کے علاقے علی چوک کے قریب ایک گھر کی چھت گرنے کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ چار افراد زخمی ہو گئیریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ متاثرہ مکان کی چھت بانس، کچی مٹی اور لکڑی سے تیار کی گئی تھی جو اچانک منہدم ہو گئی۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔ریسکیو اہلکاروں نے ملبے تلے دبے چار افراد کو زندہ نکال لیا جبکہ 28 سالہ عمران ولد عارف موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے بعد کوٹ خواجہ سعید ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں انہیں علاج معالجہ فراہم کیا جا رہا ہے۔علاقہ مکینوں کے مطابق حادثہ اچانک پیش آیا جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔