اس وقت پاکستان چاروں طرف سے سازشوں میں گھرا ہوا ہے، افغانستان بھارتی ایماء پر کام کرنے والی مشینری بنا ہوا ہے:آسیہ اسحاق
ایک ایسے شخص کو شہید کیا گیا جو تمام مسلمانوں کی نمائندگی کر رہا تھا:حمید حسین‘پاکستان چاہتا ہے ایران اور خلیجی ممالک میں صورتحال مزید خراب نہ ہو:بیرسٹر گوہر
اسلام آباد(آن لائن )قومی اسمبلی میں خطے کی موجودہ صورتحال پر جاری بحث کے دوران وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے وزیراعظم نے پارلیمانی لیڈر کو مشاورت کے لیے دعوت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ایران کے ساتھ برادرانہ تعلقات ہیں جبکہ دوسری جانب سعودی عرب کے ساتھ دفاعی معاہدہ بھی موجود ہے، اس لیے اس معاملے میں سیاست کو بالائے طاق رکھ کر قومی مفاد کو ترجیح دینا ہوگی۔ا۔خطے کی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے انجینئر حمید حسین نے کہا کہ ایک ایسے شخص کو شہید کیا گیا جو تمام مسلمانوں کی نمائندگی کر رہا تھا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جن افراد نے نقل مکانی کی وہ اب اپنے علاقوں میں واپس لائے جائیں، آپریشن مکمل ہو چکا ہے لہٰذا حکومت لوگوں کی واپسی یقینی بنائے۔آسیہ اسحاق نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ اس وقت پاکستان چاروں طرف سے سازشوں میں گھرا ہوا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ افغانستان بھارتی ایماء پر کام کرنے والی مشینری بنا ہوا ہے اور پاکستان تمام سفارتی کوششوں کے بعد کارروائی کر رہا ہے۔ اپوزیشن کے رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا کہ امریکہ اور ایران جب چاہیں اور جس پر چاہیں حملہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران پر حملے کا جواز پیش کیا جا رہا ہے اور عمان کے وزیر خارجہ کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران یورینیم افزودگی اور ذخیرہ نہ کرنے پر آمادہ ہو گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چاہتا ہے کہ ایران اور خلیجی ممالک کے درمیان صورتحال مزید خراب نہ ہو۔