بھارت میں معروف شخصیت اور آئی آئی ٹی بابا کے طور پر مشہور ابھے سنگھ کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔
ابھے سنگھ، جو بھارت میں مہا کمبھ میلے کے دوران شہرت کی بلندیاں چھو چکے ہیں، نے حال ہی میں چیمپئنز ٹرافی 2025ء کے دوران پاکستان اور بھارت کے میچ کے حوالے سے ایک متنازعہ بیان دیا تھا، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم پاکستان کے خلاف میچ نہیں جیت سکتی۔رپورٹس کے مطابق، بھارتی آئی آئی ٹی بابا کو یکم مارچ کو ایک نجی چینل کے نیوز ڈیبیٹ پروگرام کے دوران تشدد کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے بھارتی پولیس کو اس واقعہ کی شکایت درج کروائی جس میں انہوں نے بتایا کہ کچھ افراد نیوز روم میں داخل ہوئے، ان کے ساتھ بدتمیزی کی اور لاٹھیوں سے انہیں مارا پیٹا۔
پولیس کے مطابق، آئی آئی ٹی بابا نے اپنے بیان میں کہا کہ ان پر حملہ کرنے والے افراد نے انہیں جسمانی طور پر نقصان پہنچایا اور بدسلوکی کی۔ اس کے علاوہ، انہوں نے مطالبہ کیا کہ پولیس ان کی شکایت پر مزید کارروائی کرے۔ تاہم، جب پولیس نے ان کی شکایت پر کوئی فوری کارروائی نہ کی، تو آئی آئی ٹی بابا نے احتجاج کا فیصلہ کیا۔مذکورہ احتجاج سیکٹر 126 کے علاقے میں پولیس چوکی کے باہر کیا گیا، جہاں وہ بیٹھ گئے اور اپنی شکایت کا ازالہ کرنے کی درخواست کی۔ بعد ازاں، پولیس نے انہیں یقین دہانی کرائی اور راضی کیا، جس کے بعد آئی آئی ٹی بابا نے اپنا احتجاج ختم کر دیا۔
یہ واقعہ بھارتی میڈیا میں زیر بحث آیا، اور ابھے سنگھ نے کہا کہ وہ اپنی شکایت کو لے کر مزید قانونی کارروائی کرنا چاہتے ہیں۔ اس معاملے میں پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں، اور آئی آئی ٹی بابا کی جانب سے شکایت کی مزید تفصیلات فراہم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔