محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں اس وقت گرد آلود ہوائیں اور بارش برسانے والا موسمی سسٹم موجود ہے، جس کے باعث صوبے بھر میں موسم میں نمایاں تبدیلی متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق آج پنجاب کے بیشتر اضلاع میں دن کے اوقات میں موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم سہ پہر کے بعد مختلف علاقوں میں آندھی، تیز ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال اور جھنگ سمیت مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
اسی طرح ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد، اوکاڑہ، قصور، خوشاب، سرگودھا، بھکر، میانوالی، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، مظفرگڑھ، راجن پور اور لیہ میں بھی کہیں کہیں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات نے یہ بھی بتایا ہے کہ بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان بھی موجود ہے، جس کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔مجموعی طور پر پنجاب میں یہ سسٹم گرمی کی شدت میں وقتی کمی لا سکتا ہے، تاہم تیز ہواؤں اور طوفانی بارشوں کے باعث بعض علاقوں میں مشکلات بھی پیدا ہو سکتی ہیں۔