لاہور ٹریفک پولیس نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے فائنل کے موقع پر شہریوں اور شائقینِ کرکٹ کی سہولت کے لیے خصوصی ٹریفک ایڈوائزری اور مینجمنٹ پلان جاری کر دیا ہے۔
اس پلان کا مقصد میچ کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنا اور سکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنانا ہے۔چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) کے مطابق فائنل میچ کے دوران شہر بھر میں ٹریفک کی نگرانی کے لیے بڑے پیمانے پر نفری تعینات کی جائے گی۔ مجموعی طور پر 2 ایس پیز، 6 ڈی ایس پیز، 90 انسپکٹرز اور ایک ہزار سے زائد ٹریفک وارڈنز ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔سی ٹی او نے بتایا کہ قذافی سٹیڈیم، ٹیموں کے روٹس اور متبادل راستوں پر خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی قسم کی ٹریفک رکاوٹ سے بچا جا سکے۔ اس کے علاوہ 10 فورک لفٹرز اور 5 بریک ڈاؤن گاڑیاں بھی تعینات کر دی گئی ہیں تاکہ رانگ پارکنگ اور ٹریفک مسائل پر فوری کارروائی کی جا سکے۔شائقینِ کرکٹ کی سہولت کے لیے پانچ خصوصی پارکنگ اسٹینڈز مختص کیے گئے ہیں۔ شہری اپنی گاڑیاں مختلف روٹس کے مطابق مخصوص پارکنگ مقامات پر کھڑی کر سکیں گے۔ مال روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ، مین بلیوارڈ گلبرگ اور فیروزپور روڈ میچ کے دوران کھلے رہیں گے تاکہ ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔ٹریفک پولیس کے مطابق میچ کے دوران کسی بھی سڑک کو مکمل طور پر بند نہیں کیا جائے گا، تاہم ٹیموں کی آمد و رفت کے وقت چند مقامات پر مختصر وقت کے لیے ٹریفک کو متبادل راستوں پر منتقل کیا جا سکتا ہے۔
پلان کے مطابق مال روڈ، جیل روڈ اور کینال روڈ سے آنے والے شائقین اپنی گاڑیاں گورنمنٹ کالج کی پارکنگ میں پارک کر سکیں گے۔ اسی طرح ٹھوکر نیاز بیگ، جوہر ٹاؤن اور کاہنہ کی طرف سے آنے والے شہری بھی یہی پارکنگ استعمال کر سکیں گے۔ کینٹ اور ڈیفنس سے آنے والے شائقین کے لیے سن فورٹ ہوٹل اور لبرٹی کے اطراف پارکنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ تعاون کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کرتے ہوئے متبادل راستے استعمال کریں تاکہ میچ کے دوران ٹریفک نظام بہتر طور پر چلایا جا سکے۔