7 جون کو گلگت بلتستان میں شیر کی کامیابی واضح نظر آ رہی ہے: عظمیٰ بخاری

لاہور (سپیشل رپورٹر)  وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے  گلگت بلتستان میں آئندہ انتخابات کے حوالے سے عوام میں غیر معمولی جوش و خروش پایا جا رہا ہے اور سیاسی سرگرمیاں اپنے عروج پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قائد مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف کی گلگت بلتستان آمد نے وہاں کے سیاسی منظر نامے کو یکسر تبدیل کر دیا ہے۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ گلگت میں میاں نواز شریف کو جس محبت، عزت اور والہانہ استقبال سے نوازا گیا، وہ عوامی جذبات کا واضح اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام کے دل آج بھی میاں نواز شریف کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور وہ مسلم لیگ (ن) کو ترقی، خوشحالی اور عوامی خدمت کی علامت سمجھتے ہیں۔ عوام کا رجحان واضح طور پر شیر کے انتخابی نشان کی جانب ہے کیونکہ لوگ ترقی، استحکام اور بہتر مستقبل کے لیے مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر اعتماد کرتے ہیں۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ان شاء اللہ 7 جون کو گلگت بلتستان کے عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو کامیاب بنائیں گے اور ہر طرف شیر کی کامیابی کی گونج سنائی دے گی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مسلم لیگ (ن) گلگت بلتستان میں عوامی اعتماد پر پورا اترتے ہوئے ایک بار پھر کامیابی حاصل کرے گی۔