لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران خریداروں کے بڑھتے رش کے تناظر میں مویشی منڈی سگیاں پہنچ گئے۔ فیصل کامران نے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور ڈیوٹی پر موجود جوانوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے شہریوں اور بیوپاریوں سے سیکورٹی انتظامات بارے بھی دریافت کیا۔فیصل کامران کا اس موقع پر کہنا تھا کہمویشی منڈیوں میں بیوپاریوں، خریداروں کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جارہی ہے۔ شہر میں لگنے والی6 عارضی منڈیوں میں 600 سے زائد افسران و جوان ڈیوٹی پر مامورہیں۔ پولیس جوان تین شفٹوں میں ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں جبکہ مویشی منڈیوں سے ملحقہ شاہراو?ں پر ڈولفن، پی آریو کی متواترپٹرولنگ بھی جاری ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ شہری لین دین کرتے ہوئے انتہائی احتیاط سے کام لیں،پیسوں کی آن لائن ادائیگی کو ترجیح دیں۔ فیصل کامران نے کہا کہ منظور شدہ پوائنٹس کے علاوہ مویشیوں کی خرید و فروخت پر پابندی ہے۔شہری غیر قانونی مویشی سیل پوائنٹس پر خریدوفروخت سے اجتناب کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری نوسربازوں، جیب کتروں سے ہوشیاررہیں،کسی بھی شکایت کی صورت میں فورا 15 پر اطلاع دیں۔