اس سال تعلیمی بجٹ 13 فیصد بڑھا رہے ہیں: علی امین گنڈاپور

اس سال تعلیمی بجٹ 13 فیصد بڑھا رہے ہیں: علی امین گنڈاپور

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ رمضان پیکج کے طور پر 10 ارب روپے دیے گئے تھے اور تعلیمی معیار کو بہتر بنانے پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے۔

 انہوں نے بتایا کہ اس سال تعلیمی بجٹ میں 13 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔گجو خان میڈیکل کالج کے پہلے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ کالج نے ساڑھے 7 کروڑ روپے کا فنڈ مانگا تھا جس میں سے وہ آدھا دینے کو تیار ہیں۔ انہوں نے سیاستدانوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تختی لگانا منصوبہ مکمل ہونے کے بعد چاہیے، اور ان کا ہدف منصوبوں کو مکمل کرنا ہے نہ کہ صرف ان پر تختیاں لگانا۔انہوں نے کہا کہ ان کے دور حکومت میں گجو خان کالج کا اگلا کانووکیشن اپنی بلڈنگ میں ہوگا اور کالج کے تمام ملازمین کو ایک مہینے کی تنخواہ بطور اعزازیہ دی جائے گی۔

علی امین گنڈا پور نے مزید کہا کہ اسکالرشپس کے لیے فنڈز بڑھائے جا رہے ہیں، 1500 نرسز کو تربیت دی گئی ہے، اور مختلف شعبوں کے ماہرین کو بھی باہر سے تربیت کے لیے بلایا جا رہا ہے۔وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ پورے صوبے میں صرف پشاور میں دل کی بیماریوں کا الگ اسپتال موجود ہے، اور امراضِ قلب کے اسپتال ریجن اور ڈویژن سطح پر تعمیر کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ویمن اینڈ چلڈرن اسپتال کے لیے بھی فنڈز جاری کیے جا چکے ہیں۔