پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی میں بڑی تبدیلیوں کا فیصلہ کر لیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، اظہر علی، اسد شفیق اور علیم ڈار کو ان کے موجودہ عہدوں سے ہٹائے جانے کا امکان ہے۔رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ پی سی بی ایسے افراد کو سلیکشن کمیٹی میں شامل کرنے پر غور کر رہا ہے جو صرف فیصلے کی توثیق کرنے کی بجائے مؤثر اور ٹھوس اقدامات کر سکیں۔ اس حوالے سے سابق کپتان بابراعظم اور محمد رضوان کی ٹی20 ٹیم میں سلیکشن کے بارے میں حتمی فیصلہ کر لیا گیا ہے، تاہم دونوں کھلاڑیوں کو ون ڈے اور ٹیسٹ فارمیٹس میں اب بھی موقع دیا جائے گا۔
پی سی بی کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے تصدیق کی ہے کہ اسد شفیق اور اظہر علی سلیکشن کمیٹی کی میٹنگز میں فعال شرکت نہیں کر رہے جبکہ علیم ڈار کے بھی اپنے عہدے پر برقرار رہنے کے امکانات کم ہو چکے ہیں۔ خاص طور پر بنگلادیش کے خلاف حالیہ ٹی20 سیریز کے دوران اسد شفیق اور اظہر علی ٹیم ڈائریکٹر مائیک ہیسن کے ساتھ 16 رکنی اسکواڈ کے حتمی انتخاب میں شامل نہیں ہوئے تھے۔
یہ تبدیلیاں پاکستانی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی بہتر بنانے اور سلیکشن کے عمل کو زیادہ شفاف اور فعال بنانے کے لیے کی جا رہی ہیں۔