روس نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی افواج نے مشرقی یوکرین کے اہم شہر کوسٹیانتینیوکا پر مکمل قبضہ کر لیا ہے۔
روسی وزارتِ دفاع کے مطابق جنرل اسٹاف کے سربراہ والیری گیراسیموف نے صدر ولادیمیر پوٹن کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ روسی افواج نے شہر پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔صدر پوٹن نے اس پیش رفت کو “اسٹریٹجک اہمیت کی حامل کامیابی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ کوسٹیانتینیوکا ڈونباس کا ایک اہم صنعتی اور نقل و حمل کا مرکز ہے۔یہ شہر یوکرین کے زیرِ کنٹرول بڑے شہروں کراماتورسک اور سلوویانسک کی جانب جانے والے راستے پر واقع ہے، جس کے باعث فوجی ماہرین اسے ڈونباس محاذ پر ایک کلیدی اسٹریٹجک مقام قرار دیتے ہیں۔تاہم یوکرینی حکام کی جانب سے روس کے اس دعوے کی فوری تصدیق نہیں کی گئی، جبکہ آزاد ذرائع سے بھی اس کی مکمل توثیق تاحال ممکن نہیں ہو سکی۔واضح رہے کہ کوسٹیانتینیوکا ڈونیسک کے محاذ پر یوکرین کے اہم دفاعی اور لاجسٹک مراکز میں شمار ہوتا ہے، اور اس علاقے میں لڑائی طویل عرصے سے جاری ہے۔