جون: موبائل سکواڈ نے 566ملزم گرفتار کئے

ایپ کی مدد سے جرائم پیشہ عناصر، اشتہاری اور مفرور ملزمان کے گرد گھیرا مزید تنگ
لاہور(کرائم رپورٹر)ایس پی موبائلز بلال احمد نے موبائلز سکواڈ کی ماہ جون کی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی،جس کے مطابق شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر قائم ای پولیس پوسٹوں اور ناکہ جات پر مؤثر نگرانی کے باعث مجموعی طور پر 566 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ترجمان موبائلز سکواڈ کے مطابق لاہور پولیس کمانڈ کی ہدایت پر ناکہ جات پر سائنٹفک بنیادوں پر سخت نگرانی کا عمل جاری ہے، جبکہ ای پولیس ایپ کی مدد سے جرائم پیشہ عناصر، اشتہاری اور مفرور ملزمان کے گرد گھیرا مزید تنگ کر دیا گیا ہیرپورٹ کے مطابق ماہ جون کے دوران 152 اشتہاری ملزمان، 43 عدالتی مفروران، 60 عادی مجرمان اور 44 ریکارڈ یافتہ افراد کو گرفتار کیا گیا، جبکہ اپنی شناخت چھپانے یا مشکوک حرکات میں ملوث 267 افراد کے خلاف بھی کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ایس پی موبائلز بلال احمد کے مطابق ای پولیس سافٹ ویئر کے ذریعے جون میں 2 لاکھ 65 ہزار 69 سے زائد افراد کا ریکارڈ چیک کیا گیا، جبکہ 34 ہزار 180 گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی بھی جانچ پڑتال کی گئی۔منشیات کے خلاف کارروائیوں کے دوران شراب، چرس اور 50 گرام آئس بھی برآمد کی گئی۔ایس پی موبائلز نے بتایا کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر قائم ای پولیس پوسٹوں کے ذریعے ملزمان اور مفرور مجرمان کی شناخت کا عمل مسلسل جاری ہے، جبکہ چوری شدہ، ٹیمپرڈ اور جعلی نمبر پلیٹس والی گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ نیو راوی پل، پرانا راوی پل، سگیاں، ٹھوکر نیاز بیگ، بابو صابو اور گجومتہ پر ای پولیس پوسٹیں فعال ہیں، جہاں جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے مؤثر چیکنگ کا سلسلہ جاری رکھا گیا ہے