فیفا ورلڈ کپ میچ کی لائیو سکریننگ میں پاکستانی فٹبال صنعت کی دھوم

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی تاشقند میں پاکستانی ٹریڈ مشن کی ان کاوشوں کو بھرپور تعریف
تاشقند (سپورٹس ڈیسک ) ازبکستان کے دارالحکومت تاشقند میں فیفا ورلڈ کپ 2026 کے میچوں کی لائیو اسکریننگ کے دوران پاکستانی فٹبال صنعت کی دھوم مچ گئی جہاں سیالکوٹ کی تیار کردہ عالمی معیار کی فٹبالز کی بڑے پیمانے پر تشہیر کی گئی۔رپورٹ کے مطابق تاشقند کے معروف بنیوڈکور اسٹیڈیم اور ہومو ارینا میں پاکستانی فٹبالز کی خصوصی تشہیری سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر یہ بات فخر کے ساتھ اجاگر کی گئی کہ فیفا ورلڈ کپ 2026 کی آفیشل میچ بال جس کا نام "ٹرائیونڈا ہے، پاکستان کے شہر سیالکوٹ کی معروف کمپنی فارورڈ اسپورٹس تیار کر رہی ہے۔پاکستان ٹریڈ مشن نے شائقین کی دلچسپی کے لیے فارورڈ اسپورٹس کی ایک خصوصی تشہیری دستاویزی فلم ازبک زبان میں پیش کی، جس کے ذریعے ہزاروں ازبک شائقین کو پاکستان کی عالمی معیار کی فٹبال سازی اور صنعتی صلاحیتوں سے آگاہ کیا گیا۔