کراچی، موبائل مارکیٹ میں آتشزدگی، وزیراعلی کا نوٹس، رپورٹ طلب

  فائر بریگیڈ اور ریسکیو اداروں نے بروقت کارروائی کی ، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا
 ایمرجنسی نافذ، آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کیا جا رہا ہے،ڈپٹی مئیر کراچی سلمان مراد 
کراچی(آئی این پی ) کراچی میں صدر کے قریب موبائل مارکیٹ میں آگ لگ گئی، وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کمشنر کراچی سے رپورٹ طلب کر لی۔ریسکیو ترجمان کے مطابق آتشزدگی کا واعقہ کراچی کے علاقے صدر کی النجیبی موبائل مارکیٹ میں پیش آیا، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی فائر اینڈ ریسکیو ٹیم بمعہ ایمبولینس اور فائر بریگیڈ ٹرک جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، جہاں فائر بریگیڈ کی چار گاڑیوں نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا۔ترجمان واٹر کارپوریشن کے مطابق ریسکیو 1122 نے واٹر کارپوریشن سے فوری مدد طلب کر لی، سی ای او احمد علی صدیقی کی ہدایت پر نیپا اور صفورہ ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی جبکہ واٹر کارپوریشن کی جانب سے فوری طور پر واٹر ٹینکرز جائے وقوعہ پر روانہ کر دئیے گئے۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی میئر کراچی مرتضی وہاب جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، انہوں نے کہا کہ عوامی جان و مال کے تحفظ کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے اور ریسکیو آپریشن کو مزید تیز کیا جائے، بلدیہ عظمی کے افسران اور تمام ریسکیو ٹیمیں اسٹینڈ بائی رہیں۔صدر کراچی الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن نے بتایا کہ عمارت کی ساتویں منزل پر آگ لگی ہے، عمارت میں موبائل فون کی دکانیں اور دفاتر ہیں، شبہ ہے کہ عمارت میں کچھ لوگ بھی پھنسے ہوئے ہیں۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے صدر میں واقع موبائل مارکیٹ میں آتشزدگی کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی سے رپورٹ طلب کر لی اور متاثرہ عمارتوں میں فوری ریسکیو اور امدادی کارروائی کی ہدایت کی۔سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ آتشزدگی کے اسباب اور ذمہ داران کا تعین کیا جائے گا، شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے