سابق ایم پی اے سعدیہ سہیل کی گاڑی پر حملہ، تینوں ملزمان گرفتار

سابق ایم پی اے سعدیہ سہیل کی گاڑی پر حملہ، تینوں ملزمان گرفتار

لاہور: سابق رکنِ صوبائی اسمبلی سعدیہ سہیل کی گاڑی پر حملہ کرنے والے تینوں ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے نوٹس پر ایس پی ماڈل ٹاؤن کو خصوصی ٹاسک سونپا گیا، جس کے بعد تھانہ گارڈن ٹاؤن پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق یہ واقعہ دو روز قبل مین بلیوارڈ برکت مارکیٹ کے سامنے پیش آیا تھا۔ ابتدائی تحقیقات میں معلوم ہوا کہ ملزمان ون وے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مخالف سمت سے آ رہے تھے۔ اس دوران جب سعدیہ سہیل کی گاڑی موٹر سائیکل کے قریب سے گزری تو ملزمان مشتعل ہو گئے۔پولیس کے مطابق ملزمان نے غصے میں آ کر ہیلمٹ اور پتھروں سے گاڑی پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں گاڑی کے شیشے ٹوٹ گئے اور گاڑی کو نقصان پہنچا۔

گرفتار ملزمان کی شناخت دانیال، جلال اور سلطان کے ناموں سے ہوئی ہے۔ پولیس نے تینوں کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا ہے تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او گارڈن ٹاؤن اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔