77 فیصد موٹر سائیکل حادثات، 620 افراد شدید زخمی، 865 معمولی متاثر، ریسکیو نے امداد فراہم کی
لاہور (کرائم رپورٹر) ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1261 ٹریفک حادثات پر رسپانڈ کیا، جن میں 620 افراد شدید زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر نزدیکی ضلعی و تحصیل کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ 865 معمولی زخمی لوگوں کو ریسکیو میڈیکل ٹیموں کے جائے حادثہ پر بروقت طبی امداد فراہم کرنے کی وجہ سے ہسپتالوں پر بوجھ بھی کم ہوا۔ ان حادثات میں زیادہ تر تعداد (77 فیصد) موٹر سائیکل حادثات کی ہے، اس لیے وقت کی ضرورت ہے کہ روڈ ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح کو کم کرنے کے لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کرتے ہوئے لائن اور لین کے نظم و ضبط کا خیال رکھیں۔ ایمرجنسی اعداد و شمار کے مطابق ریسکیو 1122 کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصول ہونے والی ایمرجنسی کالز کے مطابق ان ٹریفک حادثات میں 822 ڈرائیورز، 56 کم عمر ڈرائیور، 535 مسافر اور 133 پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے۔ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ 242 ٹریفک حادثات کی فون کالز لاہور کنٹرول روم میں موصول ہوئیں، جس میں صوبائی دارالحکومت 299 متاثرین کے ساتھ پہلے، ملتان 87 حادثات میں 93 متاثرین کے ساتھ دوسرے، فیصل آباد 70 حادثات میں 81 متاثرین کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔ واضح رہے کہ ان ٹریفک حادثات کے کل 1490 متاثرین میں 1174 مرد اور 316 خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمی ہونے والوں میں 318 افراد کی اوسط عمر 18 سال سے کم، 744 افراد کی اوسط عمر 18 سے 40 سال کے درمیان، جبکہ 428 زخمی افراد کی اوسط عمر 40 سال سے زائد ہے۔ ان ٹریفک حادثات کے بیشتر واقعات میں 1229 موٹر سائیکل، 97 آٹو رکشے، 128 کاریں، 34 وین، 9 مسافر بسیں، 42 ٹرک اور 110 دوسری اقسام کی گاڑیاں شامل ہیں۔