ہزارہ موٹر وے: شادی سے انکار پر خاتون قتل، ملزم نے خودکشی کی کوشش

ہزارہ موٹر وے: شادی سے انکار پر خاتون قتل، ملزم نے خودکشی کی کوشش

ہزارہ موٹر وے پر دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں ایک شادی شدہ مرد نے خاتون کو کار میں فائرنگ کرکے قتل کر دیا، اور بعد ازاں خود کو گولی مار کر خودکشی کی کوشش کی۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ تھانہ کوٹ نجیب اللہ کی حدود میں پیش آیا، جب اسلام آباد سے ایبٹ آباد واپس جاتے ہوئے ملزم نے خاتون کو نشانہ بنایا۔ مقتولہ کی شناخت 25 سالہ انیلہ کے نام سے ہوئی ہے جو ایبٹ آباد کی رہائشی تھیں۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق مانسہرہ کے رہائشی ملزم شہزاد نے شادی سے انکار پر طیش میں آ کر کار کے اندر فائرنگ کی۔ واقعے کے وقت مقتولہ کی والدہ بھی گاڑی میں موجود تھیں، جو محفوظ رہیں۔ والدہ کے بیان کے مطابق ملزم نے انیلہ کو قریب سے گولیاں ماریں۔

واقعے کے بعد ملزم شہزاد نے اپنے گلے میں گولی مار کر خودکشی کی کوشش کی اور شدید زخمی ہو گیا۔ اسے فوری طور پر ٹراما سنٹر منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد تشویشناک حالت میں ایوب میڈیکل کمپلیکس، ایبٹ آباد ریفر کر دیا گیا۔موٹر وے پولیس نے مقتولہ کی لاش آر ایچ سی منتقل کر دی، جبکہ تھانہ کوٹ نجیب اللہ پولیس نے موقع پر شواہد اکٹھے کر لیے ہیں۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔