ویب ڈیسک: وزیر توانائی اویس لغاری نے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے مرحلے میں تین ڈسکوز کی نجکاری کی جائے گی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر توانائی نے کہا کہ چینی پاور پلانٹس کو مقامی کوئلے پر منتقل کرنے کے لیے بات چیت جاری ہے، اور چینی پاور پلانٹس کے قرضوں کی ری پروفائلنگ پر بھی بات چیت ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گردشی قرضوں میں 339 ارب روپے کی بہتری لائی گئی ہے اور بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے نقصانات کو کم کر کے 145 ارب روپے کی بہتری حاصل کی گئی ہے۔
اویس لغاری نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 3 ڈسکوز کی نجکاری کی جائے گی جن میں آئیسکو، گیپکو اور فیسکو شامل ہیں۔ دوسرے مرحلے میں لیسکو، سیپکو اور میپکو کی نجکاری کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں 55 ارب روپے سے ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا اور کیپٹو انڈسٹری کو بجلی فراہمی کے لیے سروس معاہدے کیے جائیں گے۔ علاوہ ازیں گڈو اور نندی پور پاور پلانٹس کی نجکاری بھی کی جائے گی۔