قیمتوں میں کمی سے صنعتوں کو درپیش مالی دباؤ میں کمی اورکاروباری سرگرمیوں میں تیزی آئے گی
برآمدات کو فروغ ملے گا ‘ روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے:میاں ابوذر شاد‘خالد عثمان‘شاہد نذیر چودھری
انڈسٹری کیلئے بڑی خوشخبری ہے، پیدواری لاگت میں کمی ہو گی : فہیم الرحمان سہگل‘نصر اللہ مغل، طاہر منظور چودھری
لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوذر شاد، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان اور نائب صدر شاہد نذیر چودھری نے وزیر اعظم شہباز شریف کے بجلی کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اسے انڈسٹری اور گھریلوصارفین کے لیے بہت بڑا ریلیف قرار دیا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ بجلی کے زیادہ نرخ طویل عرصے سے کاروباری برادری کے لیے بڑا چیلنج بنے رہے ہیں۔ بجلی کی قیمت میں صنعتوں کے لیے 7.59 روپے فی یونٹ اور گھریلو صارفین کے لیے 7.41 روپے فی یونٹ کی کمی سے پیداواری لاگت میں نمایاں کمی آئے گی، صنعتی مسابقت میں اضافہ ہوگا اور مہنگائی سے پریشان عوام کو بڑا ریلیف ملے گا۔ لاہور چیمبر کے عہدیداران نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کا یہ فیصلہ معاشی بحالی، صنعتی ترقی اور مہنگائی پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہوگا، پاکستان کی صنعتی بنیاد مستحکم ہوگی،برآمدات کو فروغ ملے گا اور روزگار کے مواقع پیدا ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی لاہور چیمبر کا دیرینہ مطالبہ رہا ہے کیونکہ مہنگی توانائی کی وجہ سے صنعتوں کی مسابقتی صلاحیت کم ہو رہی تھی۔ یہ فیصلہ صنعتوں کو پیداوار بڑھانے، برآمدات کو فروغ دینے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں مدد دے گا‘چیئرمین پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ایشنز فرنٹ (پیاف) فہیم الرحمان سہگل‘ سینئر وائس چیئرمین نصراللہ مغل اور وائس چیئرمین پیاف طاہر منظور چودھری نے کہا ہے وزیرا عظم شہباز شریف کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں واضح کمی کا اعلان ملکی معیشت کیلئے ایک بڑی خوش خبری ہے اور ایک تازہ ہوا کا جھونکا ہے‘ بجلی سستی ہونے سے خاطر خواہ ریلیف ملے گا, پیداواری لاگت میں کمی ہوگی۔سستی بجلی ملکی ترقی کیلئے از حد ضروری ہے۔ چند یونٹ استعمال کرنے پر بھی بجلی کے بل ہزاروں میں آ رہے تھے جن کی ادائیگیاں کرنا چھوٹے تاجر اور ایس ایم ایز کے لئے مشکل سے مشکل تر ہوتا جا رہا تھا۔ وزیراعظم کے ریلیف سے صنعت سازی میں اضافہ ہو گا اور انڈسٹری کی طرف بھی سرمایہ کاری کارحجان بڑھے گا ۔