لاہور: بسنت 2027 کے لیے پتنگ بازی کے سامان کی تیاری کی رجسٹریشن کا عمل 5 ستمبر سے شروع کیا جا رہا ہے، جس کا اعلان ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کردیا۔
ڈی سی لاہور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری پیغام میں بتایا کہ 5 ستمبر سے بسنت کے لیے پتنگ سازی کے سامان کی تیاری کے لیے رجسٹریشن شروع کی جائے گی۔ضلعی انتظامیہ نے لاہور بھر میں پتنگ بازی کے سامان کی تیاری کے لیے اجازت نامہ لازمی قرار دیا ہے۔ صرف این او سی حاصل کرنے والے افراد ہی منظور شدہ پتنگ بازی کا سامان تیار کرسکیں گے۔انتظامیہ کی ٹیمیں منظور شدہ سامان کی تیاری کی کڑی نگرانی کریں گی، جبکہ صرف مقررہ سائز کی پتنگیں، ڈور کے لیے پنا اور سوتی ڈور استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز کے مطابق لاہور میں محفوظ بسنت کو یقینی بنانے کے لیے تمام حفاظتی ضوابط پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پتنگ بازی کے روایتی حسن کو حفاظتی اصولوں کے ساتھ بحال کیا جائے گا۔ڈی سی لاہور کا کہنا ہے کہ صرف منظور شدہ سائز اور سوتی ڈور کے استعمال سے بسنت کو محفوظ بنایا جاسکتا ہے۔