مانسہرہ: وادی سرن میں 4 روز قبل لاپتہ ہونے والے برطانوی کوہ پیما ایلکس مارک ہیرس کی لاش پراچہ کٹھہ کے جنگلات سے برآمد کرلی گئی۔
تفصیلات کے مطابق برطانوی کوہ پیما ایلکس مارک ہیرس اپنے ساتھی کلیڈوین ایلن ڈیوڈ کوپر کے ہمراہ 13 ہزار 500 فٹ بلند موسیٰ کا مصلیٰ کی چوٹی سر کرنے گئے تھے۔ چوٹی سے واپسی کے دوران شدید دھند کے باعث ایلکس اپنے ساتھی سے بچھڑ گئے اور راستہ بھٹک گئے۔ان کے ساتھی ایلن ڈیوڈ کوپر بحفاظت منڈاکچھہ پہنچ گئے تھے، جہاں انہوں نے 30 اگست کو پولیس کو ایلکس کے لاپتہ ہونے کی اطلاع دی۔ریسکیو 1122، پولیس، محکمہ جنگلات اور مقامی افراد نے لاپتہ کوہ پیما کی تلاش شروع کی اور ڈرون ٹیکنالوجی سمیت تمام دستیاب وسائل استعمال کیے۔ مسلسل 3 روز تک جاری رہنے والے سرچ آپریشن کے بعد ایلکس مارک ہیرس کی لاش پراچہ کٹھہ کے جنگلات سے برآمد کرلی گئی۔مقامی حکام کے مطابق دونوں برطانوی شہری 28 اگست کو اسلام آباد سے منڈاکچھہ پہنچے تھے اور ایک مقامی ریزورٹ میں قیام کیا تھا۔ دونوں نے 29 اگست کو موسیٰ کا مصلیٰ سر کرنے کی مہم شروع کی تھی۔
پولیس کی جانب سے واقعے کی رپورٹ سینٹرل پولیس آفس کو ارسال کردی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق دونوں برطانوی شہریوں کی آمد یا دورے سے متعلق ضلعی انتظامیہ کو کوئی پیشگی اطلاع نہیں دی گئی تھی، جبکہ ایف این ایس ڈی ڈیش بورڈ پر بھی ان کی رجسٹریشن موجود نہیں تھی۔ڈپٹی کمشنر خالد اقبال نے کہا کہ تمام تر کوششوں کے باوجود لاپتہ کوہ پیما کو زندہ ریسکیو نہیں کیا جا سکا۔انہوں نے کہا کہ غیر ملکی کوہ پیما کی موت کے حتمی اسباب کے بارے میں فی الحال کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔ دوسری جانب مانسہرہ پولیس نے واقعے کے مختلف پہلوؤں سے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔