مہاراجہ یشونت راؤ اسپتال (MYH) میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں علاج کے دوران دو نومولود بچوں کو چوہوں نے کاٹ لیا۔ ایک بچہ جان کی بازی ہار گیا جبکہ دوسرے کی حالت تشویشناک ہے۔
واقعہ اسپتال کے پیڈیاٹرک سرجری وارڈ میں پیش آیا، جہاں دونوں بچے پہلے ہی شدید انفیکشن اور نازک حالت میں زیرِ علاج تھے۔ چوہوں نے ایک بچے کو ہاتھ پر اور دوسرے کو کندھے پر کاٹا۔اسپتال انتظامیہ نے واقعے کے بعد دو نرسوں کو معطل کر دیا ہے اور اعلیٰ سطح کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو سات دن کے اندر رپورٹ پیش کرے گی۔اسپتال کے ڈین، ڈاکٹر اروند گھنگوریا کے مطابق:ایک بچہ جس کا پیٹ کے انفیکشن کے باعث آپریشن ہوا تھا، انتہائی کمزور تھا اور اب وینٹیلیٹر پر ہے۔دوسرا بچہ، جسے نمونیا اور شدید انفیکشن لاحق تھا، کو چوہوں نے کاٹا اور وہ صبح دم توڑ گیا۔ دونوں بچے ایک ہفتہ قبل پیدا ہوئے تھے۔ڈاکٹر نے بتایا کہ اسپتال میں گزشتہ دو سال سے چوہوں کی موجودگی نہیں تھی، لیکن حالیہ دنوں میں پائپ ٹوٹنے اور بارش کے باعث پانی بھرنے سے یہ مسئلہ پیدا ہوا۔
انہوں نے تسلیم کیا کہ ڈیوٹی پر موجود عملے نے تین سے چار دن تک صورتحال کی اطلاع نہ دے کر غفلت برتی، جس پر کارروائی کی گئی ہے۔ اسپتال کی نرسنگ سپرنٹنڈنٹ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا، جبکہ کیڑوں پر قابو پانے والی کمپنی پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کرتے ہوئے معاہدہ ختم کرنے اور بلیک لسٹ کرنے کی وارننگ دی گئی ہے۔اسپتال کے سپرنٹنڈنٹ کو بھی انتظامات بہتر بنانے اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔