وفاقی ادارۂ شماریات نے ملک میں مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کر دی ہے۔
ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح 0.56 فیصد بڑھ گئی، جس کے بعد مجموعی سالانہ مہنگائی کی شرح 4.07 فیصد ہو گئی ہے۔ادارہ کے مطابق گزشتہ ہفتے 19 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 12 کی قیمتیں کم ہوئیں اور 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ٹماٹر 46.44 فیصد، لہسن 1.41 فیصد، پیاز 1.22 فیصد، پیٹرول 1.72 فیصد اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 1.45 فیصد مہنگا ہوا۔ گھی، بیف، مٹن، دہی اور سیگریٹس سمیت دیگر اشیاء کی قیمتیں بھی بڑھی ہیں۔دوسری جانب چکن 7.96 فیصد اور کیلے 0.78 فیصد سستے ہوئے، جبکہ دالیں، آلو، کوکنگ آئل اور ایل پی جی سمیت دیگر اشیاء کی قیمتیں کم ہوئیں۔