ابوظہبی: پاکستان اور یو اے ای کا ریل اور انفرا اسٹرکچر کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

ابوظہبی: پاکستان اور یو اے ای کا ریل اور انفرا اسٹرکچر کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے وزیر توانائی و انفرا اسٹرکچر سہیل محمد المزروعی سے ملاقات کی۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان ریل نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور انفرا اسٹرکچر کی ترقی کے لیے دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔یہ ملاقات ’گلوبل ریل اینڈ انفرا اسٹرکچر کانفرنس اینڈ ایگزیبیشن‘ کے موقع پر ہوئی، جہاں بلال اظہر کیانی نے یو اے ای حکومت کی جانب سے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ کانفرنس تجربات کے تبادلے اور باہمی تعاون کے فروغ کا بہترین پلیٹ فارم ہے۔وزیر مملکت نے یو اے ای کے جدید انفرا اسٹرکچر اور اتحاد ریل پروجیکٹ کو خطے کی ضروریات کے مطابق ایک مثالی منصوبہ قرار دیا۔دونوں وزراء نے پاکستان کے ریل انفرا اسٹرکچر کو بہتر بنانے کے امکانات پر بات کی اور خطے میں رابطوں کے فروغ، معاشی ترقی اور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں پائیدار حل کے لیے مشترکہ وژن پر اتفاق کیا۔