پی آئی اے اور کینیڈین ہائی کمیشن کا فضائی و ثقافتی تعاون بڑھانے پر اتفاق

پی آئی اے اور کینیڈین ہائی کمیشن کا فضائی و ثقافتی تعاون بڑھانے پر اتفاق

پی آئی اے اور کینیڈین ہائی کمیشن کے درمیان سرمایہ کاری، تجارت، سیاحت اور ثقافتی تعاون کو فروغ دینے پر اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

 پاکستان میں تعینات کینیڈا کے ہائی کمشنر طارق علی خان نے پی آئی اے ہیڈ آفس اسلام آباد میں سی ای او پی آئی اے ایئر وائس مارشل عامر حیّات سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور فضائی روابط کے فروغ پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق، ملاقات میں کینیڈین ہائی کمشنر نے کینیڈین ایئر لائنز کے ساتھ کوڈ شیئر اور ایئر کارگو معاہدوں کے حوالے سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ان معاہدوں سے پاکستان اور کینیڈا کے درمیان فضائی روابط مضبوط ہوں گے اور دوطرفہ تجارت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔پی آئی اے، کینیڈین مصنوعات کو پاکستانی منڈیوں تک رسائی میں سہولت کاری کرے گی، جبکہ کینیڈین ہائی کمشنر نے سیاحت اور تجارت کے فروغ کے لیے مشترکہ اقدامات میں پی آئی اے کو شمولیت کی دعوت دی۔

اس تعاون سے قومی ایئر لائن کو شمالی امریکہ کی بڑی مارکیٹ تک بہتر رسائی حاصل ہوگی۔پی آئی اے کا کہنا ہے کہ یہ ملاقات دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ایک اہم کڑی ہے۔ کینیڈین ہائی کمیشن، پی آئی اے کے نیٹ ورک میں توسیع کے لیے کینیڈین فضائی کمپنیوں کے ساتھ کوڈ شیئر معاہدوں میں بھرپور سہولت کاری کرے گا، جو قومی ایئر لائن کی بحالی، توسیع اور عالمی سطح پر موجودگی بڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔