سیف سٹیز ایپ نے نوجوان کی خودکشی کی کوشش ناکام بنا دی

ایمرجنسی الرٹ پر ٹیم متحرک ہوئی ، پولیس نے زخمی نوجوان کو ہسپتال منتقل کردیا
 نوجوان نے خود کو کمرے میں بند کرکے زخمی کیا اور ایپ پر ایمرجنسی الرٹ بٹن دبایا
 لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی نیکسٹ جن سیفٹی ایپ نے قصور کے 26 سالہ نوجوان کی خودکشی کی کوشش ناکام بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ترجمان سیف سٹیز کے مطابق نوجوان نے خود کو کمرے میں بند کرکے زخمی کرنے کے بعد ایپ پر ایمرجنسی الرٹ بٹن دبایا۔ اطلاع اور تصویر موصول ہوتے ہی سیف سٹی ٹیم نے کارروائی شروع کر دی اور متعلقہ افسر نے نوجوان سے مسلسل رابطہ کرکے اسے کمرے کا دروازہ کھولنے اور اہل خانہ کو آگاہ کرنے پر آمادہ کیا۔ دوسری جانب متعلقہ پولیس اور ریسکیو ٹیموں کو بھی الرٹ کر دیا گیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر زخمی نوجوان کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا۔ نوجوان اور اس کے بھائی نے بروقت مدد فراہم کرنے پر سیف سٹی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ ترجمان کے مطابق ذہنی دبائو یا پریشانی کی صورت میں شہری 15 پر کال کرکے 7 دبائیں یا نیکسٹ جن سیفٹی ایپ استعمال کریں۔