سڈنی: آسٹریلیا نے انگلینڈ کے خلاف آئندہ وائٹ بال سیریز کے لیے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈز کا اعلان کر دیا ہے، جس میں اسٹار فاسٹ بولرز پیٹ کمنز، جوش ہیزل ووڈ اور مچل اسٹارک کو شامل نہیں کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق تینوں فاسٹ بولرز نے جنوبی افریقا کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز کے تینوں میچز کھیلے تھے، جس میں آسٹریلوی ٹیم کو 1-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ مسلسل ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کے باعث انہیں انگلینڈ کے خلاف تین ون ڈے میچز کی سیریز میں آرام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کا آغاز 13 نومبر سے پرتھ میں ہوگا۔پیٹ کمنز اور جوش ہیزل ووڈ پانچ ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کا بھی حصہ نہیں ہوں گے، جو 21 نومبر سے شروع ہوگی، جبکہ مچل اسٹارک پہلے ہی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں۔
آسٹریلوی اسکواڈ میں 21 سالہ فاسٹ بولر ماہلی بیئرڈمین کو دونوں فارمیٹس میں موقع دیا گیا ہے۔ وہ انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں اپنا ڈیبیو بھی کرسکتے ہیں۔دوسری جانب ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں وکٹ کیپرز سیم ہارپر اور لاچلان شا کو پہلی مرتبہ شامل کیا گیا ہے، جو اپنے بین الاقوامی کیریئر کے آغاز کے منتظر ہیں۔آسٹریلیا کی جانب سے مچل مارش ون ڈے سیریز میں ٹیم کی قیادت کریں گے، جبکہ جیک ایڈورڈز کو ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی دونوں اسکواڈز میں جگہ دی گئی ہے۔