وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ نوجوان ملک کا مستقبل اور قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں، حکومت طلبہ کو معیاری تعلیم، جدید ٹیکنالوجی اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
اٹک میں ہونہار اسکالرشپ اور لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ سیاسی طور پر بھڑکانے کی کوششوں کے باوجود طلبہ نے علم کا راستہ نہیں چھوڑا، جس پر انہیں فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سفارش کلچر کے خاتمے اور میرٹ کے فروغ کو ترجیح دی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے اٹک کے ہونہار طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بیٹیوں کو تعلیم کے میدان میں آگے بڑھتا دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ طالبات سمیت تمام نوجوانوں کو ترقی کے یکساں مواقع میسر آئیں۔مریم نواز شریف نے کہا کہ طلبہ گرین بسوں میں مفت سفر کی سہولت حاصل کر رہے ہیں، جبکہ حکومت کا پیسہ نوجوانوں کی تعلیم پر خرچ ہونا سب سے بہترین سرمایہ کاری ہے۔ حکومت صرف ڈگریاں فراہم کرنے تک محدود نہیں بلکہ نوجوانوں کو ہنر سکھانے اور روزگار کے مواقع دینے کے لیے بھی کام کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ لیپ ٹاپ کی فراہمی سے طلبہ کو فری لانسنگ، جدید تحقیق اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں آگے بڑھنے کے مواقع ملیں گے۔ پنجاب کے طلبہ میں صلاحیتوں کی کمی نہیں اور وہ دنیا کی بہترین جامعات میں تعلیم حاصل کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پنجاب کو خواتین کے لیے ایک محفوظ صوبہ بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ خواتین بلاخوف تعلیم، ملازمت اور عملی زندگی کے دیگر شعبوں میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔