سعودی عرب کی سیکیورٹی صورتحال، اے ایف سی کا ایشین کپ ملتوی کرنے کا فیصلہ

 سعودی عرب کی سیکیورٹی صورتحال، اے ایف سی کا ایشین کپ ملتوی کرنے کا فیصلہ

سعودی عرب میں سیکیورٹی صورتحال اور خطے میں غیر معمولی حالات کے باعث ایشین فٹبال کپ 2027 ملتوی کر دیا گیا ہے، جبکہ ایشین فٹبال کنفیڈریشن (اے ایف سی) نے ٹورنامنٹ کے انعقاد کے لیے نئی تاریخوں کا اعلان کر دیا ہے۔

اے ایف سی کے مطابق ایشین فٹبال کپ پہلے 7 جنوری سے 5 فروری 2027 تک سعودی عرب میں منعقد ہونا تھا، تاہم اب یہ ایونٹ 23 دسمبر 2027 سے 21 جنوری 2028 تک منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔کنفیڈریشن کا کہنا ہے کہ خطے میں حالیہ پیش رفت، سیکیورٹی خدشات، سفری مشکلات اور انتظامی و لاجسٹک مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹورنامنٹ کی تاریخوں میں تبدیلی کی گئی ہے۔اے ایف سی کے مطابق ایونٹ کی نئی تاریخوں کو حتمی منظوری کے لیے عالمی فٹبال تنظیم فیفا کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

دوسری جانب رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اکتوبر میں یمن کے حوثی گروپ کی جانب سے میزائل حملے میں ریاض کے ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا گیا تھا، جس کے نتیجے میں 13 افراد ہلاک اور 300 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔خطے کی کشیدہ صورتحال کے باعث سعودی عرب میں دیگر بین الاقوامی تقریبات بھی متاثر ہوئی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق سکس کنگز سلیم ٹینس ایونٹ سمیت متعدد تقریبات منسوخ کی جا چکی ہیں۔