ٹانک میں تاجر کے اغواء کی کوشش ناکام، 2 مبینہ اغواء کار ہلاک

ٹانک میں تاجر کے اغواء کی کوشش ناکام، 2 مبینہ اغواء کار ہلاک

 خیبرپختونخوا کے علاقے گومل میں تاجر عرفات اللہ کو اغواء کرنے کی کوشش شہریوں نے ناکام بنا دی، جبکہ شہریوں کی فائرنگ سے دو مبینہ اغواء کار ہلاک ہوگئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے تاجر عرفات اللہ کو اغواء کرنے کی کوشش کی، تاہم موقع پر موجود شہریوں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے اغواء کی کوشش ناکام بنا دی۔اس دوران شہریوں کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ کے نتیجے میں دو مبینہ اغواء کار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔واقعے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں، جبکہ ہلاک ہونے والے دونوں افراد کی شناخت اور واقعے کے دیگر پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور حقائق سامنے آنے کے بعد مزید تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔