بل گیٹس کے مطابق زندگی میں کامیابی کا راز کیا ہے؟

بل گیٹس کے مطابق زندگی میں کامیابی کا راز کیا ہے؟

دنیا کے معروف کاروباری شخص اور مائیکروسافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے زندگی میں کامیابی حاصل کرنے کے حوالے سے اہم مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ انسان کے مستقبل پر اس کے اردگرد موجود لوگوں کا گہرا اثر پڑتا ہے۔

بل گیٹس کے مطابق کامیابی کے لیے صرف تعلیمی قابلیت، کیریئر کے مواقع اور مالی وسائل کافی نہیں ہوتے بلکہ دوستوں اور قریبی لوگوں کا انتخاب بھی انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔اپنے ایک بلاگ میں بل گیٹس نے مشورہ دیا کہ انسان کو ایسے لوگوں کے ساتھ وقت گزارنا چاہیے جو اسے چیلنج کریں، نئی چیزیں سکھائیں اور اس کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں مدد فراہم کریں۔ان کا کہنا تھا کہ اپنے اردگرد ایسے افراد جمع کریں جو آپ کی بہترین شخصیت کو سامنے لانے کا سبب بنیں۔ ذاتی کامیابی کا انحصار صرف انفرادی محنت اور عزم پر نہیں ہوتا بلکہ ایسے تعلقات بھی ضروری ہیں جو انسان کو سیکھنے، بہتر بننے اور آگے بڑھنے کی ترغیب دیں۔

بل گیٹس کے مطابق ذہانت ہی کامیاب زندگی کی واحد بنیاد نہیں بلکہ دوسروں کے تجربات اور علم سے فائدہ اٹھانا بھی ترقی کے لیے ضروری ہے۔ ایسے لوگ جو ہماری کمزوریوں کی نشاندہی کرتے ہیں، ہمیں اپنی خامیوں کو سمجھنے اور ان پر قابو پانے کا موقع فراہم کرتے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ اس کا مطلب یہ نہیں کہ انسان اپنے اردگرد صرف تنقید کرنے والے افراد رکھے بلکہ ایسے تعمیری تعلقات قائم کرنے چاہئیں جو باہمی احترام، حوصلہ افزائی اور مثبت سوچ پر مبنی ہوں۔

بل گیٹس کی زندگی کی ایک بڑی غلطی

دوسری جانب بل گیٹس نے اپنے طالب علمی کے دور کی ایک بری عادت کا بھی اعتراف کیا تھا، جس سے انہیں عملی زندگی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ایک یونیورسٹی میں خطاب کے دوران انہوں نے بتایا کہ ہارورڈ یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرتے ہوئے وہ اپنے کام آخری وقت تک ملتوی کرنے کے عادی تھے۔بل گیٹس کے مطابق وہ لوگوں کو یہ تاثر دینا چاہتے تھے کہ انہیں پڑھائی یا کلاسز کی کوئی خاص پروا نہیں اور وہ اپنا زیادہ وقت کام کیے بغیر گزارتے ہیں، تاہم امتحانات سے کچھ عرصہ قبل ہی تیاری شروع کرتے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ ابتدا میں انہیں یہ رویہ دلچسپ اور مزاحیہ لگتا تھا، لیکن جب انہوں نے کاروباری دنیا میں قدم رکھا اور مائیکروسافٹ کی بنیاد رکھی تو انہیں احساس ہوا کہ کام ٹالنے کی عادت کامیابی کی راہ میں بڑی رکاوٹ بن سکتی ہے۔

بل گیٹس نے بتایا کہ اس بری عادت کو ختم کرنے میں انہیں تقریباً دو سال لگے۔ اس دوران انہیں احساس ہوا کہ کام بروقت مکمل نہ کرنے کی وجہ سے لوگ بھی ان سے خوش نہیں تھے۔بعدازاں انہوں نے اپنی عادت تبدیل کی اور اپنے ان ساتھیوں کی طرح وقت کی پابندی اختیار کی جو ہر کام مقررہ وقت پر مکمل کرتے تھے۔