لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور میں دو مختلف مقامات پر آتشزدگی کے واقعات پیش آئے، تاہم دونوں واقعات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ریسکیو حکام کے مطابق علامہ اقبال ٹائون کے علاقے نرگس بلاک میں ایک گھر کے سولر سسٹم کے انورٹر میں آگ لگ گئی۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کے فائر فائٹرز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا۔ آتشزدگی کا دوسرا واقعہ بھوبتیاں چوک، ڈیفنس روڈ پر واقع گارمنٹس فیکٹری کی کینٹین میں پیش آیا، جہاں آگ بھڑک اٹھی۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور فائر فائٹرز نے آگ بجھانے کے بعد کولنگ کا عمل شروع کر دیا۔ حکام کے مطابق دونوں واقعات میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔