بیوہ پر تشدد، بال مونڈ ڈالے

 متاثرہ خاتون کی 15 پر کال، نند نگینہ اور بہنوئی خرم کو پولیس نے پکڑ لیا 
 لاہور (کرائم رپورٹر) لوئر مال پولیس نے بیوہ کو مبینہ تشدد کا نشانہ بنانے اور سر کے بال کاٹنے کے الزام میں اس کی نند اور بہنوئی کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون نے 15 پر کال کرکے مدد طلب کی، جس پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مرکزی ملزمہ نگینہ اور اس کے خاوند خرم کو حراست میں لے لیا۔ متاثرہ خاتون کا الزام ہے کہ شوہر کی وفات کے صرف 40 روز بعد سسرالیوں نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا، سر کے بال کاٹ دیے اور دورانِ عدت تین بچوں سمیت گھر سے نکالنے کے ساتھ جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں۔ ملزمان کے خلاف تھانہ لوئر مال میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ خواتین کی عزت اور تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔