وفاقی وزیر جام کمال خان وزارتی اجلاس میں شرکت کیلئے استنبول پہنچ گئے

 ترکیہ، سعودی عرب اور مصر کے ہم منصب وزرائے سے اہم ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں 
استنبول(آئی این پی )وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)کی قائمہ کمیٹی برائے اقتصادی و تجارتی تعاون (کامسیک)کے 42ویں وزارتی اجلاس میں شرکت کیلئے ترکیہ کے شہر استنبول پہنچ گئے۔استنبول ایئرپورٹ پر پاکستان کے قونصل جنرل خواجہ خرم نعیم نے وفاقی وزیر تجارت کا استقبال کیا۔جام کمال خان اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، جہاں اسلامی ممالک کے درمیان باہمی تجارت کے فروغ اور اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔دورے کے دوران وفاقی وزیر تجارت کی ترکیہ، سعودی عرب اور مصر کے ہم منصب وزرائے تجارت سے اہم دوطرفہ ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں، ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تجارت کے فروغ، نئی منڈیوں تک رسائی اور اقتصادی تعاون بڑھانے کے امکانات پر گفتگو ہوگی۔کامسیک کے 42ویں اجلاس میں اسلامی ممالک کے درمیان تجارتی و اقتصادی روابط مستحکم بنانے، برآمدات کے فروغ، تجارتی مالی معاونت کے موثر نظام اور نجی شعبے کے کردار کو مزید مضبوط بنانے پر غور کیا جائے گا۔وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اجلاس میں پاکستان کیلئے نئی تجارتی اور سرمایہ کاری شراکت داریوں کے امکانات بھی اجاگر کریں گے۔پاکستان اسلامی ممالک کے ساتھ تجارتی روابط بڑھانے، علاقائی اقتصادی تعاون کو فروغ دینے اور برآمدات کے نئے مواقع تلاش کرنے کے لئے پرعزم ہے، کامسیک اجلاس میں پاکستان کی شرکت اسی حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کا مقصد اسلامی دنیا کے ساتھ اقتصادی شراکت داری کو مزید وسعت دینا ہے۔