پشاور:تھانہ میں دھماکا، اہلکار شہید ،2زخمی ، واقعہ دہشتگردی نہیں :پولیس
بنوں میں امن کمیٹی نیمغوی اہلکار کی بازیابی کیلئے طالبان کمانڈرکا والد پکڑ لیا
پشاور،ہنگو، کوہاٹ،خیبر(خصوصی رپورٹ)خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں پولیس قافلے پر بم حملہ میں ایس ایچ او سمیت 4اہلکار زخمی ہو گئے،دوسری طرف پشاور میں سی ٹی ڈی کے تھانے میں بارودی مواد پھٹنے کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ضلع ہنگو کے علاقے دوآبہ کی سڑک پر نصب بارودی سرنگ پھٹنے کے نتیجہ میں پولیس قافلے میں شامل ایس ایچ او سمیت 4 اہلکار زخمی ہوگئے، پولیس ٹیم دوآبہ کے نواحی علاقہ کربوغہ شریف میں امن کمیٹی کے ساتھ مذاکرات کے بعد واپس آرہی تھی ، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ادھر پشاور میں یونیورسٹی روڈ پر واقع محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی)کے پولیس سٹیشن کے اندراسلحہ خانے میں شارٹ سرکٹ کے باعث وہاں موجود پرانا بارودی مواد پھٹ گیا اور دھماکا سے آگ لگ گئی، دھماکے میں ایک اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے ،سکیورٹی اداروں نے تھانہ میں بند تمام ملزمان کو حوالات سے بحفاظت نکال لیا۔سی سی پی او پشاور میاں سعید کے مطابق واقعہ دہشتگردی نہیں لگتا۔ آئی جی پولیس ذوالفقار حمید نے متعلقہ حکام سے اور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے آئی جی سے واقعات کی رپورٹس طلب کر لی ہیں۔ دوسری طرف ضلع بنوں میں پولیس اہلکار شفیع اللہ کے اغوا کے واقعے کے بعد مقامی امن کمیٹی نے تھانہ ہوید کی حدود سے طالبان کے ایک کمانڈر کے والد اور بھتیجے کو پکڑ لیاتاکہ مذاکرات کے ذریعے مغوی پولیس اہلکار کو بازیاب کرایا جا سکے۔سربراہ امن کمیٹی کا کہنا ہے کہ اگر اہلکار کو کچھ ہوا تو ویسا ہی جواب دیا جائے گا۔ ادھر ضلع خیبر میں جرگے کے مذاکرات کے بعد دہشتگردوں نے مغوی پولیس اہلکار عبدالو ا حد کو ایک ماہ بعد رہا کر دیا۔ڈی پی او رائے مظہراقبال کے مطابق تھانہ باڑہ کی حدود سے پولیس نے چھاپہ مارکرتاوان کیلئے اغوا مغوی شہری کو بازیاب کروالیا جبکہ 2 پولیس اہلکاروں گرفتار کر لیا، ایک اہلکار فرار ہوگیا ، تینوں اہلکاروں کو برطرف کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔