بابر اعظم نے پی ایس ایل میں کیچز کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا، 50 کیچز مکمل کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے

بابر اعظم نے پی ایس ایل میں کیچز کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا، 50 کیچز مکمل کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے

ویب ڈیسک: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں ایک اور بڑا ریکارڈ قومی ٹیم کے سابق کپتان اور پشاور زلمی کے موجودہ قائد بابر اعظم کے نام ہو گیا ہے۔

بابر اعظم نے پی ایس ایل کی تاریخ میں فیلڈنگ کے شعبے میں نمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے 50 کیچز مکمل کر لیے ہیں، وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔یہ اعزاز بابر اعظم نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف حالیہ میچ میں حاصل کیا۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ کیرون پولارڈ کے پاس تھا، جنہوں نے پی ایس ایل میں 42 کیچز لیے ہیں اور اب دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں افتخار احمد اور محمد نواز نے 40، 40 کیچز لیے ہیں اور وہ تیسرے نمبر پر ہیں، جبکہ شاداب خان اور فخر زمان 39، 39 کیچز کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔فیلڈنگ میں اس کارنامے کے ساتھ بابر اعظم نے اپنی ہمہ جہتی صلاحیتوں کا ایک اور پہلو منوایا ہے۔ وہ نہ صرف ایک شاندار بلے باز ہیں بلکہ ایک مستعد اور قابلِ اعتماد فیلڈر بھی ثابت ہوئے ہیں۔

دوسری جانب اگر پوائنٹس ٹیبل پر نظر ڈالیں تو پشاور زلمی کی کارکردگی اتار چڑھاؤ کا شکار رہی ہے۔ زلمی نے اب تک 7 میچز کھیلے ہیں جن میں سے 3 میں فتح اور 4 میں شکست ہوئی۔ اس وقت ٹیم 6 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہے۔پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ 10 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے، لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز دونوں 9 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں، جبکہ کراچی کنگز 8 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے۔بابر اعظم کی شاندار کارکردگی کے بعد شائقین کو زلمی سے آئندہ میچز میں بہتر کھیل کی امید ہے تاکہ ٹیم پلے آف مرحلے میں اپنی جگہ بنا سکے۔