مقدمہ قتل کا اشتہاری ملزم 11سال بعد عمان سے گرفتار

لاہور(کرائم رپورٹر)خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں قتل کے مقدمے میں 11 سال سے مفرور اور اشتہاری ملزم کو انٹرپول کی مدد سے عمان سے گرفتار کر لیا گیا۔امیگریشن حکام کے مطابق ملزم شاہد خان کے خلاف سال 2014 میں بنوں میں قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ حکام کا کہنا تھاکہ واردات کے بعد ملزم بیرون ملک فرار ہو گیا تھا اور انٹرپول نے ملزم کی گرفتاری کیلئے ریڈ نوٹس جاری کیا تھا۔ ملزم کی حوالگی کی انٹرپول مسقط کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کی وجہ سے ممکن ہوئی۔ گرفتار ملزم کو پشاور منتقل کرکے ایف آئی اے نے کے پی پولیس کے حوالے کر دیا۔