جی بی الیکشن: مسلم لیگ (ن) کو اسکردو سے اہم سیاسی کامیابی حاصل

جی بی الیکشن: مسلم لیگ (ن) کو اسکردو سے اہم سیاسی کامیابی حاصل

گلگت بلتستان میں انتخابات 2026 کے حوالے سے سیاسی سرگرمیوں میں تیزی آگئی ہے، اور مختلف سیاسی جماعتوں کے مرکزی رہنما انتخابی مہم کے آخری مرحلے میں بھرپور انداز میں حصہ لے رہے ہیں۔

 پولنگ 7 جون کو ہوگی، جس کے لیے تمام جماعتوں نے اپنی سیاسی حکمت عملی کو تیز کر دیا ہے۔انتخابات سے قبل ہی پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حاجی اکبر تابان نے اسکردو میں اہم سیاسی کامیابی حاصل کرتے ہوئے “مہاجرین 1971” کی جانب سے مکمل حمایت حاصل کر لی ہے، جسے پارٹی کے لیے انتخابی میدان میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو آج گلگت اور ہنزہ کا دورہ کریں گے۔ اپنے دورے کے دوران دونوں رہنما ہنزہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کریں گے، جبکہ بلاول بھٹو زرداری گلگت میں پارٹی ٹکٹ ہولڈرز اور مقامی قیادت سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے چیئرمین بیرسٹر گوہر اسکردو اور دیگر اضلاع میں انتخابی سرگرمیوں میں مصروف رہیں گے۔ وہ پارٹی کے انتخابی دفاتر کے دورے کے ساتھ ساتھ کارکنان سے بھی خطاب کریں گے اور انتخابی مہم کو متحرک بنانے کی کوشش کریں گے۔

مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق، عابد شیر علی، مرتضیٰ جاوید عباسی اور عابد رضا کوٹلہ بھی مختلف مقامات پر جلسوں سے خطاب کریں گے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق ن لیگی رہنما آج مجموعی طور پر چار بڑے عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے۔اسی طرح وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام بھی گلگت میں موجود ہیں، جہاں ان کی مختلف سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے اور انتخابی صورتحال پر مشاورت کی جا رہی ہے۔مجموعی طور پر گلگت بلتستان میں سیاسی درجہ حرارت اپنے عروج پر پہنچ چکا ہے، اور تمام بڑی جماعتیں ووٹرز کو متحرک کرنے کے لیے آخری مرحلے میں بھرپور کوششیں کر رہی ہیں۔