چالان پر ڈرائیور نے رکشہ جلا ڈالا

ڈی پی او کا نوٹس، متعلقہ ٹریفک وارڈن معطل، انکوائری شروع کر دی گئی
حافظ آباد (کرائم رپورٹر) حافظ آباد میں ٹریفک چالان ہونے پر مشتعل ایک رکشہ ڈرائیور نے اپنے ہی رکشے کو آگ لگا دی۔ واقعے کے بعد ڈی پی او حافظ آباد کامران حمید نے فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ٹریفک وارڈن کو معطل کر دیا اور انکوائری کا حکم دے دیا۔اطلاعات کے مطابق واقعہ ریلوے پھاٹک کے قریب پیش آیا، جہاں تعینات ٹریفک وارڈن نے رکشہ ڈرائیور کو روک کر اس کا چالان کیا۔ چالان ہونے پر رکشہ ڈرائیور مشتعل ہو گیا اور مبینہ طور پر اپنے رکشے پر پٹرول چھڑک کر اسے آگ لگا دی۔عینی شاہدین کے مطابق رکشہ ڈرائیور کا کہنا تھا کہ وہ آئے روز ہونے والے بھاری جرمانوں سے شدید پریشان ہے اور اس کے پاس گھر کا چولہا جلانے کے لیے بھی رقم نہیں بچتی۔ اس نے غصے اور مایوسی میں یہ انتہائی قدم اٹھایا۔واقعے کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ڈی پی او حافظ آباد نے معاملے کا سخت نوٹس لیا۔ پولیس حکام کے مطابق متعلقہ ٹریفک وارڈن کو فوری طور پر معطل کر کے اعلیٰ سطحی انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔ڈی پی او کامران حمید کا کہنا ہے کہ تحقیقات میں یہ معلوم کیا جائے گا کہ چالان قانون کے مطابق کیا گیا تھا یا شہری کو ناجائز طور پر تنگ کیا جا رہا تھا۔ انکوائری رپورٹ کی روشنی میں مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔