ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ بلوچستان پاکستان کا جائز، برحق اور اٹوٹ حصہ ہے، اور اسے کبھی پاکستان سے الگ نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے یہ بات "ہلال ٹاکس" میں شرکت کے دوران کہی، جہاں ملک بھر سے 1950 سے زائد سینئر فیکلٹی ممبران شریک ہوئے۔
ہندوستان کی پراکسیز پورے خطے کے لیے خطرہ ہیں
جنرل احمد شریف نے واضح طور پر بتایا کہ بھارت اور اس کی پراکسیز نہ صرف پاکستان بلکہ پورے جنوبی ایشیا کے لیے خطرناک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ قوتیں پاکستان میں انتشار، بدامنی اور معاشرتی خلفشار پیدا کرنے کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہیں، جن کا مقصد ملکی استحکام کو نقصان پہنچانا ہے۔
بی ایل اے، بھارت کی پروردہ دہشت گرد تنظیم
ڈی جی آئی ایس پی آر نے خاص طور پر نام نہاد دہشت گرد تنظیم بی ایل اے (بلوچ لبریشن آرمی) کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ "فتنہ الہند" ہے، جو بھارت کی مالی، تکنیکی اور پروپیگنڈا سپورٹ پر چل رہی ہے۔انہوں نے انکشاف کیا کہ:بی ایل اے کو بھارت کی خفیہ ایجنسیوں سے مکمل مالی معاونت حاصل ہےاس کی قیادت بھارت میں موجود ہے.انڈین میڈیا اور دیگر ذرائع ابلاغ بی ایل اے کے بیانیے کو پھیلانے میں پیش پیش ہیں.یہ گروہ درحقیقت ہندوستان کے زر خرید غلام ہیں، جن کا مقصد پاکستان کو نقصان پہنچانا ہے
بلوچستان پاکستان کا روشن مستقبل
ڈی جی آئی ایس پی آر نے اساتذہ کو یقین دلایا کہ:"وہ دن دور نہیں جب بلوچستان پاکستان کا سب سے امیر صوبہ بنے گا۔"انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کی معیشت، معاشرت اور ثقافت میں رچا بسا ہے، اور یہاں کے تمام شہری پاکستان کے برابر کے شہری ہیں۔
عوام اور افواج کے درمیان اٹوٹ رشتہ
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ:"پاکستان کی افواج عوام ہی سے ہیں اور عوام کی افواج ہیں، یہ رشتہ محبت اور اعتماد کا ہے، جو ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔"انہوں نے تعلیم یافتہ طبقے پر زور دیا کہ وہ منفی پروپیگنڈے کے خلاف قومی بیانیے کو مضبوط کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔