بحرین جانیوالے مسافر سے ہیروئن اورآئس، ٹرک سے 14کلوچرس، چمن سے سمگلنگ کے لیے چھپائی گئی 226کلو مارفین برآمد
لاہور(کرائم رپورٹر)اے این ایف نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 6 کارروائیوں کے دوران 8 ملزمان کوگرفتارکرکے16 کروڑ 28 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 255.020 کلو گرام منشیات برآمد کر لی۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق کراچی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر بحرین جانے والے مسافر کے سامان سے 8.350 کلو آئس برآمد کی گئی۔ اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر بحرین جانیوالے مسافر کے ٹرالی بیگ سے 520 گرام ہیروئن اور 550 گرام آئس برآمد کی گئی۔ اقبال شہید ٹول پلازہ جی ٹی روڈ، اٹک کے قریب ٹرک سے 14 کلو گرام چرس برآمد کرکے 3 ملزمان کوگرفتار کرلیا گیا۔ فیض آباداسلام آباد کے قریب موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان سے 3.6 کلو چرس برآمد کی گئی۔ الاصف سکوائر، سہراب گوٹھ، کراچی کے قریب ملزم کے قبضے سے 2 کلو چرس برآمد کی گئی۔ چمن کے علاقے کلی دامن کے قریب سمگلنگ کے لیے چھپائی گئی 226 کلو مارفین برآمد کی گئی ۔گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔